وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دیدی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت وتعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کراچی میں بارشوں کے باعث متاثر سڑکوں کی مرمت سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ناصر شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور چیف سیکریٹری اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں شرکا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں سڑکوں کی پیچ ورک کی ضرورت ہے، یہ تمام سڑکیں بارشوں میں خراب ہوگئی ہیں۔
جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت 2022 کی بارشوں کے بعد تمام سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کروائی تھی، سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ سندھ حکومت کے ایم سی، کے ڈی اے کو مرمت کے فنڈز دیتی رہتی ہے۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم کراچی کی سڑکوں کا سروے کر رہے ہیں، سروے میں یہ بھی معلوم کر رہے ہیں وہ سڑک کب خراب ہوئی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تعمیریا مرمت کی گئی سڑکیں اگر وقت سے پہلےخراب ہوئی ہیں تو اس کی انکوائری کریں، یہ انکوائری کریں وہ سڑک کس نے بنائی اور کیوں خراب ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جس نے بھی سڑکوں کا ناقص کام کیا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں، میں چاہتا ہوں کہ سڑکوں کی مرمت یا تعمیر کا کام بہترین معیار کا ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے ایم سی کو ہدایت جاری کی کہ جو سڑکیں تعمیر کریں اس کے نکاسی آب کا نظام بھی بنائی، ہر سڑک کی سروس لائن بھی ضروری بنائی جائے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ان تمام کاموں کی مرمت و تعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی ضروت ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کراچی کی بہتری کے لیے کے ایم سی فوری کام شروع کروائے جس پر میئر کراچی نے جواب دیا کہ کے ایم سی نے ٹینڈر کر دیئے ہیں اور جلد کام شروع کیا جائے گا۔