پاکستان

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس کا اضافہ

کے ایس ای-100 انڈیکس 970 پوائنٹس یا 1.22 فیصد اضافے کے بعد 80 ہزار 461 پر پہنچ گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 970 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 970 پوائنٹس یا 1.22 فیصد اضافے کے بعد 80 ہزار 461 پر پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز 79 ہزار 491 پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں 200 بیسس پوائنٹس کم کرنے اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالرز کے قرض پروگرام کی منظوری کی راہ ہموار ہونے کے بعد 13 ستمبر کو صبح 100 انڈیکس 894 پوائنٹس یا 1.13 فیصد اضافے کے بعد 79 ہزار 912 پر پہنچ گیا تھا، تاہم یہ اس تیزی میں کمی آئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 315 پوائنٹس اضافے کے بعد 79 ہزار 333 پر بند ہوا تھا۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالرز کا قرض منظور ہونے کی راہ ہموار ہونے اور مرکزی بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں نرمی کے نتیجے میں سرمایہ کار کافی پُرجوش ہیں۔