کاروبار

سوست پورٹ پر 44کروڑ 60 لاکھ روپے کے اسمگل شدہ موبائل فونز، ودیگر سامان ضبط

سوست ڈرائی پورٹ پر کسٹمز حکام کو اطلاع ملی کہ اسمگل شدہ موبائل فونز، دیگر قیمتی سامان سے لدا ٹرک چین کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔
|

پاکستان کسٹمز نے خنجراب پاس بارڈر کراسنگ کے ذریعے چین سے موبائل فون پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، 44 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے 15 ہزار 465 موبائل فونز میں زیادہ تر اینڈرائیڈ موبائل شامل تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کسٹمز نے موبائل فون اور دیگر سامان قبضے میں لے کر اسمگلنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واقعہ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوست ڈرائی پورٹ پر پاکستان کسٹمز حکام کو اطلاع ملی تھی کہ اسمگل شدہ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے لدا ٹرک نمبر جی ایل ٹی اوی-1257 چین کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ خنجراب پاس کی سرحد اور ٹرک قراقرم ہائی وے پر خنجراب پاس کے دیہی علاقے کے قریب کھڑا ہے، ممکنہ طور پر ٹرک سے رات کو سامان اتارا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سوست ڈرائی پورٹ کے کسٹمز کے اسسٹنٹ کلکٹر امتیاز شگری نے کسٹمز کی ایک ٹیم کو بارکون میں کھڑے ٹرک کا معائنہ کرنے کے لیے بھیجا، ٹیم جب موقع پر پہنچی تو اسی نمبر کا ٹرک سڑک کنارے کھڑا تھا جس کے آس پاس کوئی موجود نہ تھا۔

اہل علاقہ سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ایک نامعلوم شخص نے ٹرک کھڑا کیا تھا کہ گاڑی میں کوئی مکینیکل خرابی پیدا ہو گئی ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹیم نے ٹرک کو سوست ڈرائی پورٹ پر لایا اور اسے پورٹ/ٹرمینل حکام کے حوالے کر دیا تاکہ اسے محفوظ رکھا جا سکے۔

چونکہ کوئی بھی گاڑی اور اس میں رکھے ہوئے سامان کی ملکیت کا دعویٰ کرنے نہیں آیا، اس لیے سوست ڈرائی پورٹ پر نوٹس بورڈ کے ساتھ ساتھ بیگج سیکشن کے ذریعے نامعلوم درآمد کنندہ کو ٹرک کی دستاویزات 15 دن کے اندر کسٹمز آفس میں جمع کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا۔

دفتر کو نوٹس کا کوئی جواب نہیں ملا اور نوٹس کی مدت ختم ہونے پر سوست ڈرائی پورٹ کے اسسٹنٹ کلکٹر نے گاڑی پر لدے سامان کی جانچ کے لیے ایک اور ٹیم تشکیل دی۔

ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرک سے برآمد ہونے والے سامان کی چیکنگ پر کل 45 ہزار 465 موبائل فون جن میں 8 ہزار 365 اسمارٹ فونز (آئی فون، اوپو، ویوو، ون پلس وغیرہ) اور 7 ہزار ایک سو بار فونز، اور دیگر سامان برآمد ہوا، ان اشیا کی کل مارکیٹ قیمت کا تخمینہ 44 کڑور 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔