پاکستان

لاہور میں جلسے کی جگہ کا معاملہ: پی ٹی آئی کی متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر

عدالت ڈی سی لاہور کو فوری جلسے کی جگہ کا انتخاب کرنے کا حکم دے، درخواست میں مؤقف
|

لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لاہور میں جلسے کی جگہ کے لیے دائر متفرق درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔

جسٹس فاروق حیدر آج اکمل خان کی متفرق درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت نے 9 اگست کو جلسے کی اجازت دینے کا حکم دیا تھا۔

مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور نے جلسے کی جگہ نہیں بتائی۔

استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ڈی سی لاہور کو فوری جلسے کی جگہ کا انتخاب کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ 16 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں 21 ستمبر کو جلسے کی اجازت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق درخواست عالیہ حمزہ اور امتیاز محمود شیخ نے دائر کی، درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ مولانا فضل الرحمن نے مینار پاکستان پر جلسہ کیا، پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جارہی جو غیر آئینی ہے۔