لائف اسٹائل

’ورنہ‘ فلم کے لیے ماہرہ خان سے قبل کرینہ کپور پہلی پسند تھیں، ہارون شاہد

'ورنہ' کو 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں ہارون شاہد نے اداکارہ کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا جو کہ پولیو سے متاثرہ شخص ہوتے ہیں۔

اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 2017 کی مقبول فلم ’ورنہ‘ میں ہیروئن کے طور پر ماہرہ خان سے قبل کرینہ کپور کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن بھارتی اداکارہ نے کام سے معذرت کردی تھی۔

ہارون شاہد حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ’ورنہ‘ ان کی پہلی فلم تھی، انہوں نے اس سے قبل کبھی اسکول میں بھی اداکاری نہیں کی تھی۔

ہارون شاہد کے مطابق ان کے لیے یہی بڑی بات تھی کہ وہ ماہرہ خان اور فلم ساز شعیب منصور کے ساتھ کام کر رہے تھے اور انہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران سیکھنے کو بہت کچھ ملا۔

انہوں نے ماہرہ خان کی شخصیت و اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنی بڑی سپر اسٹار ہونے کے باوجود عام انسان کی طرح رویہ اختیار کرتی ہیں، ان میں کسی طرح کی کوئی مغروری نہیں۔

اداکار نے ماہرہ خان کی عاجزی پر ان کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں کبھی بھی شوٹنگ سیٹ پر ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ باقیوں سے کمتر ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ’ورنہ‘ فلاپ گئی، جس کا نقصان ماہرہ خان اور شعیب منصور سمیت انہیں بھی ہوا لیکن ان کے مقابلے باقیوں کا نقصان زیادہ ہوا۔

ہارون شاہد کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی کے بعد لوگوں نے کہنا شروع کردیا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی اور پھر انہیں 8 ماہ تک کوئی کام نہیں ملا لیکن پھر انہیں ہم ٹی وی کے ایک ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور اتفاق سے وہ ڈراما بھی ناکام ہوا۔

پروگرام کے دوران ’ورنہ‘ پر بات کرتے ہوئے ہارون شاہد نے انکشاف کیا کہ مذکورہ فلم میں بطور ہیروئن کرینہ کپور کو کاسٹ کیا جانا تھا اور ان سے فلم کی ٹیم یعنی شعیب منصور کی باتیں بھی ہوچکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرینہ کپور فلم کے لیے پہلی پسند تھیں لیکن اس وقت وہ حاملہ ہوگئیں اور انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، جس کے بعد ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔

ہارون شاہد کے مطابق انہیں دونوں اداکارائوں کے ساتھ کام کرنے کی خوشی تھی، اس لیے وہ ماہرہ خان کے ساتھ بھی انتہائی خوشی سے کام کرنے لگے، کیوں کہ وہ ملک کی سپر اسٹار تھیں۔

خیال رہے کہ ’ورنہ‘ کو 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں ہارون شاہد نے اداکارہ کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا جو کہ پولیو سے متاثرہ شخص ہوتے ہیں۔

فلم میں ماہرہ خان کے اغوا کے بعد ان کا ریپ ہوجاتا ہے لیکن ان کے شوہر اور اہل خانہ انہیں قانونی کارروائی سے روکتے ہیں، تاہم اداکارہ اپنے خلاف ہونے والے ظلم پر قانونی کارروائی کرتی ہیں، جس دوران انہیں سخت مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یوٹیوب پر ہمارے چار یا پانچ بچے کروائے جا چکے ہیں، حبا بخاری، آرز احمد

شادی کے بعد پہلے ہی دن دانش نواز نے کہا یہ ایشوریا رائے جیسی تو نہیں، ندا یاسر

ذہنی مسائل کے شکار افراد پر نظر رکھیں، ان کی بات سنیں، ان کی مدد کریں، نادیہ افگن