پاکستان

نواب شاہ: لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ، رینجرز افسر جاں بحق

فرائض کی ادائیگی کے دوران رینجرز انسپکٹر شاہ رخ خان نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا، سیکیورٹی فورسز ، پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے ہم امن کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، صوبائی وزیر داخلہ

سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے رینجرز کا ایک افسر جاں بحق ہوگیا۔

نواب شاہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) تنویر تونیو نے بتایا کہ شہید ہونے والے رینجرز انسپکٹر، دیگر 2 اہلکاروں کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ ان کے ساتھ لوٹ مار کی واردات کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایس ایس پی تنویر تونیو نے بتایا کہ اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اہلکار شہید ہوگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے ملزمان ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان سے لوٹی ہوئی نقدی برآمد کر لی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہید بے نظیر آباد میں رینجرز افسر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات میں کسی صورت قابل برداشت نہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے شہید کے بلندردرجات کی دعا کی اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید انسپکٹر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسپکٹر شاہ رخ خان نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا۔

ادھر سندھ کے وزیر داخلہ قانون و پالیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے بھی اپنے ایک بیان میں شہید بینظیر آباد میں فائرنگ سے رینجرز کے انسپکٹر شاہ رخ خان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے شہید انسپکٹر شاہ رخ خان کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے بلند درجات کی دعا۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران رینجرز انسپکٹر شاہ رخ خان نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا، رینجرز کے شہید انسپکٹر شاہ رخ خان سمیت تمام شہدا کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم امن کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔