پاکستان

بلوچستان: بوزی ٹاپ مسافر بس کو حادثہ، 14ایف سی اہلکار سمیت 25 زخمی

بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور بس کو کنٹرول نہیں کر سکا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو، لیویز اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے کے مقام بوزی ٹاپ پر کوچ الٹنے سے 14 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 مسافر زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور بس کو کنٹرول نہیں کر سکا، جس کے نتیجے تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ بھی کوسٹل ہائی وے کے مقام بوزی ٹاپ پر الٹ گئی۔

حادثے میں 25 مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 14 ایف سی اہلکار شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، لیویز اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

بوزی ٹاپ کوسٹل ہائی وے کا خطرناک علاقہ ہے جہاں کئی حادثات ہو چکے ہیں، گزشتہ مہینے ایران سے پنجاب جانے والی زائرین کی بس کوسٹل ہائی وے پر کھائی میں جاگری تھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

دریائے بولان میں 2 افراد ڈوب گئے

ادھر، کوئٹہ سبی ہائی وے پر پنجرہ پل کے قریب پکنک منانے والے 2 افراد دریائے بولان میں ڈوب گئے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک کے لیے دریائے بولان کے علاقے پنجرہ پل پر پہنچا تو پکنک منانے والوں میں سے دو نے دریا میں نہانا شروع کر دیا, وہ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔

وہاں موجود لوگوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، بعد ازاں لیویز اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جیلانی اور محمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں علی جان منگی نے بھی اس رپورٹ میں تعاون کیا۔