پاکستان

امریکی قائم مقام انڈر سیکریٹری تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

امریکی سیکریٹری جان باس پاکستان میں اعلیٰ سرکاری حکام سے دو طرفہ امور اور خطے کو درپیش مشترکہ علاقائی سلامتی کے مسائل کے حوالے سے بات کریں گے۔

امریکی قائم مقام انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور جان باس 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری جان باس کے طیارے نے وفد کے ہمراہ رات ساڑھے تین بجے نورخان بیس پر لینڈ کیا۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق امریکی قائم مقام انڈر سیکریٹری جان باس اسلام آباد میں پاکستان کے اعلیٰ سرکاری حکام سے دو طرفہ امور اور خطے کو درپیش مشترکہ علاقائی سلامتی کے مسائل کے حوالے سے بات کریں گے۔

اسلام آباد آنے سے قبل جان باس نے ترکیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترکیہ کے سینئر حکومتی حکام سے ملاقات کی جس میں امریکا اور ترکیہ کے درمیان باہمی تعاون کی مضبوطی کو اجاگر کرنے اور خطے میں امن اور استحکام کی حمایت میں مل کر کام کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں، جان باس نے 30 اپریل 2024 کو بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے سینئر پاکستانی حکام کے ساتھ شراکت داری فریم ورک کے تحت علاقائی اور دوطرفہ مسائل کو حل کرنے کے لیے ملاقاتیں کی تھی۔

جان باس اس سے قبل 2017 سے 2020 تک افغانستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، یہ ایک اہم دور تھا جس دوران طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے گئے۔

وہ 2014 سے 2017 تک ترکیہ میں امریکی سفیر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔