پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن نےگزشتہ روز آئینی ترمیمی مسودے کا پہلا راؤنڈ جیت لیا، شیخ رشید

جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو, انہوں نے ووٹ کو ٹکے ٹوکری بنا دیا، سربراہ عوامی مسلم لیگ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نےگزشتہ روز آئینی ترمیم کے مسودے کا پہلا راؤنڈ جیت لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جاری ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو, انہوں نے ووٹ کو ٹکے کی ٹوکری بنا دیا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ یہ 25 کروڑ عوام کو اعتماد میں کیا لیں گے، جمہوریت پر شب خون ہمیشہ رات کی تاریکی میں مارا گیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر فیصلہ کن ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کے لیے ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کی پارلیمانی امور سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا، جس میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آئینی ترمیم پر فیصلے سے قبل مزید مشاورت کی تجویز دی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مجوزہ آئینی بل کو مؤخر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتنی اہم قانون سازی چند گھنٹے میں ممکن نہیں اور ڈرافٹ پر مزید مشاورت ناگزیر ہے۔