پاکستان

آئینی اصلاحات سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مزید 13 ارکان شامل

سینیٹ کے 12 پارلیمانی لیڈر کمیٹی کے ارکان میں شامل کیے گئے ہیں جب کہ اپوزیشن لیڈر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، سینیٹ سیکریٹریٹ سے نوٹی فکیشن جاری

آئینی اصلاحات سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں مزید 13 ارکان کو شامل کرتے ہوئے ایوان بالا سینیٹ کے تمام ایک درجن سے زائد پارلیمانی لیڈرز کو کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئینی اصلاحات سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں توسیع کر دی گئی، سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مزید 12 ارکان کو کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینیٹ کے 12 پارلیمانی لیڈر کمیٹی کے ارکان میں شامل کیے گئے ہیں جب کہ اپوزیشن لیڈر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی میں شامل کیے گئے اراکین میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر شیری رحمٰن، مسلم لیگ (ن) کے عرفان صدیقی، پی ٹی آئی سے علی ظفر، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے منظور احمد، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) سے مولانا عطا الرحمن، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے ایمل ولی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے فیصل سبزواری، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سے محمد قاسم، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سے راجا ناصر عباس، نیشنل پارٹی سے جان محمد، مسلم لیگ (ق) کامل علی آغا اور سنی اتحاد کونسل سے حامد خان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔