پاکستان

وفاقی حکومت کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کی گرفتاری سے روک دیا گیا

پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی بھی گرفتاری سے روکتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے معاون خصوصی اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی گرفتاری سے روک دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں مصدق عباسی اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمر صدیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جہاں ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں ہمارے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو درخواست گزاروں کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے کہا کہ کسی کیس میں گرفتار کرنا ہو تو حکومت عدالت کو پہلے آگاہ کرے گی۔

عدالت نے درخواستوں پر وفاقی حکومت سے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔