پاکستان

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: زلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم

زلفی بخاری کی اسلام آباد اور اٹک میں اراضی کو ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے، ان کے معلوم پتوں پر نوٹسز جاری کیے جائیں، احتساب عدالت

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کے ساتھ منسلک کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کےساتھ منسلک کرنے کے احکامات جاری کیے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ زلفی بخاری جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے حالانکہ 6 جنوری 2024 کو عدالت کی جانب سے انہیں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ زلفی بخاری اسلام آباد میں مجموعی طور پر 34 کنال جبکہ اٹک میں مجموعی طور پر 1301 کنال اراضی کے مالک ہیں۔

احتساب عدالت نے کہا کہ زلفی بخاری کی اسلام آباد اور اٹک میں اراضی کو ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے، زلفی بخاری کے معلوم پتوں پر نوٹسز جاری کیے جائیں اور 7 روز میں تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔