پاکستان

توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات، ایف آئی اے نے تین رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی

ایف آئی اے کی تین رکنی جے آئی ٹی نے نیب سے کیس کا ریکارڈ حاصل کر کے بانی پی ٹی آئی کو 16 ستمبر کو تحقیقات کے لیے طلب کر لیا۔

توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے 16 ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور 3 رکنی جے آئی ٹی نے بانی پی ٹی آئی کو 16 ستمبر تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے نیب سے کیس کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے اور نیب کی جانب سے ایف آئی اے کی ٹیم کو کیس پر بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

جے آئی ٹی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی۔

یاد رہے کہ نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔