پاکستان

پیپلز پارٹی وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات، حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے جس نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔

وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی چارٹر آف پارلیمنٹ کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔

دوران ملاقات پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں سید نوید قمر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے جبکہ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔