33 شہریوں کی موت پر نیپرا نے کے الیکٹرک پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے کےالیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں 33 شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کے الیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں 33 شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
نیپرا نے جاری شوکاز نوٹس پر کے الیکٹرک کا جواب مسترد کرتے ہوئے ادارے پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک پر جرمانہ لگانے کے فیصلے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو 15روز میں جرمانے کی رقم نیپرا کے نامزد کردہ بینک میں جمع کرانے کا کی ہدایت دیتے ہوئے 33 میں سے ایک متاثرہ خاندان کے لواحقین کو 35 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
نیپرا نے کےالیکٹرک کو ایک متاثرہ محمد اسلم کے خاندان کے وارث کو ملازمت دینے کی بھی ہدایت کی۔
نیپرا کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا کہ نیپرا نے اگست2023 میں کے الیکٹرک کو شوکازنوٹس جاری کیا تھا لیکن کے الیکٹرک شوکاز نوٹس کے جواب پر نیپرا کو مطمئن نہیں کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ کےالیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں 23-2022 میں 33 شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں اور نیپرا نے شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
بجلی کے نگران ادارے نے کہا کہ کے الیکٹرک نیپرا قوانین پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا لہٰذا اس پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں 23-2022 میں کرنٹ لگنے کے واقعات کی تحقیق کی گئی اور ان میں 33 میں سے 32 افسوسناک حادثات گھروں اور احاطوں وغیرہ میں ہوئے۔
ادارے نے بیان میں کہا کہ واقعات میں انفراسٹرکچر ہرگز ملوث نہیں پایا گیا اور نیپرا کے فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔