جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی، وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر کو دوران ڈیوٹی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے ملک گیر جاری مہم کے دوران ڈیوٹی پر مامور خاتون ورکر کو ضلع جیکب آباد میں زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنا نے ڈان نیوز کو بتایا کہ خاتون پولیو ورکر کے ساتھ زیادتی کا واقعہ گاؤں اللہ بخش جاکھرانی میں انسداد پولیو مہم کے دوران پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون پولیس کے پاس پہنچی جسے میڈیکل کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا اور میڈیکل رپورٹ آنے پر کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ظہور مری نے ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون سمیت دو پولیو ورکرز کو اغوا کیا گیا تھا، موبائل فون بند ہونے پر لوکیشن ٹریس کرکے کارروائی کی گئی اور اور پولیو ورکز کو بازیاب کروا لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان فرار ہوگئے لیکن واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ظہور مری نے بتایا کہ خاتون پولیو ورکر کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور جیکب آباد پولیس کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ کر مغوی خاتون کو بازیاب کرا لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پولیو ورکر کو سخت سیکیورٹی میں جمس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ان کا میڈیکل چیک اپ کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ پولیو ورکر نے بتایا ہے کہ دو ملزمان نے اسے پولیو کے قطرے پلانے کے بہانے بلوایا اور دو مسلح افراد نے اسلحے کے زور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کی نشاندہی ہوچکی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں جاری ہیں اور جلد ان کی گرفتاری ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے لیڈی پولیو ورکر کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے گرفتار ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پولیو ورکر کی بھرپور مدد کی جائے۔
دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے بھی خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ پولیو ورکرز کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، متعلقہ ادارے فوری طور پر اقدامات کریں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔