دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی، دونوں اداکاروں نے سوشل میڈیا پر اس کی تصدیق کردی۔
دونوں اداکاروں نے 8 ستمبر کو انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ میں اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ہاں 8 ستمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور نیک خواہشات پر وہ تمام افراد کے مشکور ہیں۔
رنویر سنگھ نے اہلیہ اور بچے کی صحت سے متعلق کچھ نہیں بتایا، تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون نے ممبئی کے نجی ہسپتال میں بیٹی کو جنم دیا۔
اداکارہ بچے کی پیدائش کے لیے 7 ستمبر کی سہ پہر کو ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں اور جوڑے نے 8 ستمبر کی دوپہر کو اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کی تصدیق کی۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے فروری میں اپنے ہاں پہلے بچی کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی تھی۔
جوڑے کے ہاں شادی کے تقریباً 6 سال بعد بچے کی پیدائش ہوئی ہے، دونوں نے 5 سال تعلقات میں رہنے کے بعد نومبر 2018 میں شادی کی تھی۔
شادی کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں بھی پھیلتی رہیں جب کہ متعدد بار دپیکا پڈوکون کے حاملہ ہونے کی افواہیں بھی زیر گردش رہیں۔
شادی کے بعد بھی دپیکا پڈوکون متعدد بلاک بسٹر فلموں میں دکھائی دیں جب کہ اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق سے قبل بھی ان کی شاہ رخ خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم پٹھان ریلیز ہوئی۔
حمل کے دوران بھی دپیکا پڈوکون کو فوٹوشوٹس سمیت دیگر شوبز تقریبات میں دیکھا جاتا رہا جب کہ بچے کی پیدائش سے ایک ہفتہ قبل ہی اداکارہ نے شوہر کے ہمراہ پریگننسی فوٹوشوٹ کروایا تھا۔
جوڑے کے ہاں بچی کی پیدائش پر بولی وڈ شخصیات سمیت پاکستان کی شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے زچہ و بچہ کی صحت کے لیے دعائیں کیں۔