کراچی: سٹی کورٹ میں موبائل، انٹرنیٹ کی خراب سروس پر موبائل کمپنیوں کو سروے کا حکم
سندھ ہائی کورٹ نے سٹی کورٹ میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی خراب سروس کے خلاف درخواست پر تمام موبائل کمپنیز کو مشترکہ سروے کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں تک سماعت ملتوی کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کراچی بار کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور موبائل کمپنیز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار کراچی بار کے صدر و دیگر پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار صدر کراچی بار عامر نواز نے کہا کہ پورے سٹی کورٹ میں موبائل نیٹ ورک سروس نا ہونے کے برابر ہے۔
جبکہ کراچی بار نے سماعت کے دوران مؤقف اپنایا کہ انٹرنیٹ سروس بھی سخت متاثر ہے، انٹرنیٹ اور موبائل فون کی ناقص سروس کی وجہ سے سائلین مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی بار نے کہا کہ وکیل اپنے سائل اور سائل اپنے وکیل سے رابطہ تک نہیں کرسکتا،لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سائلین گھنٹوں تک اپنے وکیل سے رابطہ نہیں کرپاتے۔
واضح رہے کہ کراچی بار کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سٹی کورٹ میں موبائل نیٹ ورک تعطل کا شکار ہے، انٹرنیٹ سروس بھی سخت متاثر ہے، انٹرنیٹ اور موبائل سروس میں رکاوٹ کی وجہ سے سائلین مشکلات کا شکار ہیں۔