اسلام آباد: 2 ارب روپے کی سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ، تحقیقات کا دوبارہ آغاز
قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 میں 2 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی دوبارہ سے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے گولڑہ شریف کے گدی نشینوں کو بھی تحقیقات میں شامل تفتیش کرلیا، نیب نے گولڑہ شریف کے پیر نظام الدین، پیر حسام الدین کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش بھی کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش ای 11 اسلام آباد اراضی الاٹمنٹ کیس میں کی گئی ہے، دو سابق ڈائریکٹر لینڈ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) خالد محمود مرزا، شائستہ سہیل سمیت 8 سی ڈی اے افسران کے خلاف بھی تحقیقات دوبارہ سے شروع کردی گئی ہے۔
نیب ترجمان برج لال ڈوسانی نے اس معاملے پر مؤقف دینے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے افسران پر 2 ارب روپے کی زمین گولڑہ شریف کے پیر خاندان کو منتقل کرنے کا الزام ہے۔