پاکستان

علی امین کا مستقبل اڈیالہ جیل میں نظر آرہا ہے، طلال چوہدری

جو پیسے خیبرپختونخوا کے عوام پر لگنے چاہیے تھے وہ جلوسوں، اسلام آباد میں چڑھائی پر لگائےگئے، طلال چوہدری

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہےکہ علی امین گنڈاپور کا مستقبل وزارت اعلی سے اڈیالہ جیل نظر آ رہا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ جو پیسے خیبرپختونخوا کےعوام پر لگنے چاہیے تھے وہ جلوسوں، اسلام آباد میں چڑھائی پر لگائےگئے، پی ٹی آئی جلسے میں بھڑکوں کےعلاوہ کچھ نہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا گزشتہ چھ مہینے سے جس کا شور تھا وہ کل ختم ہوا، جلسہ جلسہ جلسہ کریں گے، پورا پاکستان نکلے گا ہر شہر گلی سے نکلیں گے مگر کل اسلام آباد کا ایک گراؤنڈ بھی بھرا نہیں جا سکا۔

سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں تقریریں کیا بہترین بھڑکیں تھیں، مجھے اپنے بچپن کی ’سلطان راہی‘ کی فلمیں یاد آ گئیں، جس میں بھڑکیں سن کر ہنسی ہی نکل سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریر سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کہتا ہے کہ پندرہ دن میں عمران خان کو رہا کرو، ورنہ خود آ کر رہا کروں گا، کیا پِدّی، ’کیا پِدّی کا شوربا‘، طلال چوہدری نے کہا کہ یہ تو ہو سکتا ہے کہ پندرہ دن بعد تم اڈیالہ آؤ مگر یہ نہیں ہو سکتا ہے عمران خان اڈیالہ سے پشاور جائے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے لاہور آنے کے بیان کو دھمکی اور گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نےکہا ہنگامہ خیزی کے لیے آؤگے تو تمہاری مونچھے اکھاڑ دیں گے، جو بگڑے تگڑے ہیں ان کا علاج ڈنڈا ہے، یہ علاج قانون نافذ کرنے والے خوب کرلیتے ہیں، گولیاں غیرت مند کھاتے ہیں آپ ضرورتمند ہیں، دن میں بھڑکیں مارتے ہیں اور رات میں ہمارے پاؤں پڑتے ہیں، بتائیں کہاں اور کیسے پڑتے ہیں؟

طلال چوہدری نے کہا کہ اس جلسے میں کہا گیا کوئی قانون سازی ہوگی تو تحریک چلائیں گے، قانون سازی پارلیمان کا حق ہے، پاکستان میں دہشت گردی خلاف، معیشت کی بہتری، انتشار کے خاتمے اور سیاسی استحکام کی خاطر قانون سازی ہوگی، یہ گیدڑ بھبکیاں آج سے نہیں جب سے عمران خان کی سیاست میں پیدائش ہوئی ہے، تب سے ہم سن رہے ہیں۔

سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ جلسے آپ سو کریں مگر این آر او آپ کو نہیں ملے گا، نہ ہی 9 مئی کی معافی ملے گی، قوم کے 190 ملین واپس کریں، سونامی ٹری ہو پشاور میٹرو ہو ان کے پیسے تمہارے پیٹ سے بھی نکالے جائیں گے، یہ نہیں ممکن جو پیسے خیبرپختونخوا کے عوام پر لگنے چاہیے تھے ان سے جلسے ہوں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے جو ضمانت دی گئی جو حلف نامہ دیا اس پر پی ٹی آئی پورا نہیں اتری، خصوصا جان بوجھ کر ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پولیس پر حملہ کیا گیا، حملہ بھی ان لوگوں نے کیا جو خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں یہاں آئے۔

طلال چودری نے کہا کہ اسلا آباد پولیس پر حملہ کرنے والے اور ان کا ماسٹر مائنڈ گرفتار ہو کر جیل جائے گا، یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ پُر امن جلسے کی اجازت کی آڑ میں آپ پاکستان میں انتشار، سیاسی افراتفری کی تقریریں کریں، اور یہ دھمکیاں دیں کہ ہم قانون سازی نہیں ہونے دیں گے، ہم نے عہد کیا کہ سیاسی انتشار، عدم استحکام نہیں ہونے دیں گے، اس کے لیے کتنی ہی کڑی قانون سازی ہو اور سخت سزائیں ہوں، دی جائیں گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا جیسے ہی پاکستان کی معیشت بہتر ہوتی ہے، اسٹاک ایکسچینج مستحکم ہوتی ہے، روپیہ تگڑا ہوتا ہے، اسی وقت دھمکیاں، گیدڑ بھبکیاں اور انتشار کی سیاست شروع ہوجاتی ہے، کل کے جلسے میں بجلی، روٹی، معیشت کی بات نہیں کی، سب نے اڈلیالے کے مجرم کی بات کی، 190 ملین کھائے، توشہ خانہ کھایا، سائفر لہرایا، غیر ملکی فنڈنگ لی ہے اور اب اسرائیل والے اپنے داماد کے لیے اتنے پریشان ہیں کہ آرٹیکل لکھ رہے ہیں، پہلے ان کے سسرال،گولڈ اسمتھ اور جمائما کے ذریعے کام کرتے تھے لیکن اب سامنے آ گئے ہیں، پاکستانی غیرت مند بھی ہیں، جانتے ہیں کہ یہ فتنہ اور لیڈر انکیوبیٹر میں اسرائیل اور اس کے مفاد کے تحفظ کے لیے پاکستان میں پیدا کیا گیا، اسے اقتدار تک پہنچایا گیا۔