پاکستان

اینکر پرسن عبداللہ حسن ٹریفک حادثے میں جاں بحق

40 سالہ اینکر پرسن گاڑی چلا رہے تھے جب ٹریفک سگنل کے قریب گاڑی نے فٹ پاتھ کو ٹکر ماری، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس

کراچی میں شارع فیصل پر کار حادثے میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن سید عبداللہ حسن جاں بحق ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا کہ 40 سالہ سید عبداللہ حسن گاڑی چلا رہے تھے، جو ٹریفک سگنل کے قریب فٹ پاتھ سے ٹکراگئی، ریسکیو سروسز نے اینکر پرسن کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی ساجد سدوزئی نے حادثے کی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا، مزید بتایا کہ گاڑی کا اگلا حصہ شدید متاثر ہوا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مرحوم اینکر پرسن کی فیملی سے اظہار تعزیت کیا ہے، حکومت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شرجیل میمن اینکر پرسن کے گھر بھی پہنچے تھے۔

بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صحافت میں سید عبداللہ حسن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی صحافی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، مرحوم اینکرپرسن کی فیملی سے تعزیت میں گورنر سندھ کا کہنا تھا اللہ مرحوم کو معافی عطا فرمائے، ان کو بلند درجات عطا کرے اور خاندان کو صبر عطا فرمائے، آمین۔

پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل کی ترجمان شازیہ مری نے بھی حادثے میں اینکر پرسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس غم اور مشکل وقت میں خاندان کے دکھ میں برار کے شریک ہیں۔

پولیس اور ریسکیو سروسز حکام کے مطابق اس سے قبل جولائی میں بلوچ کالونی فلائی اوور پر فیول ٹینکر حادثے میں صحافی جاں بحق ہوگیا تھا۔

کراچی ٹریفک پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) احمد نواز چیمہ نے ڈان کو بتایا تھا کہ حادثے کے باعث مصروف سڑک کے دونوں ٹریک دوپہر تک کئی گھنٹوں کے لیے بند رہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا تھا کہ رات گئے ایک بج کر تیس منٹ پر اطلاع ملی کہ ایک فیول ٹینک جو کہ مکینیکل خرابی کے باعث ٹینکر سے الگ ہو گیا تھا، فلائی اوور پر ٹینک ساتھ ہی گزرنے والی سوزوکی مہران گاڑی پر جا گرا، جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور، جن کی شناخت اسد عباس زیدی کے طور پر ہوئی کی موت ہو گئی۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے مرحوم کی شناخت ان کی جیب میں موجود شناختی کارڈ سے کی انہوں نے مزید بتایا کہ مرحوم ایک نجی ٹی وی چینل کے لیے کام کرتے تھے۔