پاکستان

پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہے، اسلامی ٹچ دیکر مسلمانوں میں مقبول کرنے کی کوشش کی گئی، راناثناللہ

ٹائمز آف اسرائیل نے پاکستان میں انقلاب اور تبدیلی لانے کی حقیقت کھول دی، مشیر وزیراعظم

وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو اسرائیلی سیاسی برانڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹائمز آف اسرائیل نے پاکستان میں انقلاب اور تبدیلی لانے کی حقیقت کھول دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ٹائمز آف اسرائیل کے پاکستان تحریک انصاف سے متعلق انکشاف کے بعد 9 مئی کی منصوبہ سازی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ اور سماجی خدمت ایک پلاننگ کا حصہ تھی، جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی، نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی کو بدلنا تھا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے کی پوری کہانی اسرائیلی اخبار کے مضمون کو پڑھ کر سمجھ آتی ہے، اسرائیل نے بانی پی ٹی آئی جیسے مہرے کے حق میں بیان کیوں دیا تھا اور امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام باتوں کے تانے بانے سب کھل کر سامنے آگئے ہیں، پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہے جسے اسلامی ٹچ دے کر مسلمانوں میں مقبول کرنے کی کوشش کی گئی جب کہ پاکستان سمیت ہر مسلمان کو فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے سیاسی برانڈ کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے۔