پاکستان

سابق صدر عارف علوی نے جلسے کی پرانی تصاویر شيئر کرنے پر معذرت کر لی

سابق صدر مملکت نے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے جلسے کی پرانی تصاویر شیئر کی تھیں، اپنی غلطی کا ادراک ہونے پر عارف علوی نے وہ تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے سوشل میڈیا پر جلسے کی پرانی تصویریں شیئر کرنے پر معذرت کر لی۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق صدر مملکت نے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے جلسے کی پرانی تصاویر شیئر کی تھیں۔

تاہم اپنی غلطی کا ادراک ہونے پر عارف علوی نے ناصرف وہ تصاویر ڈیلیٹ کیں بلکہ اس حوالے سے پوسٹ کر کے معافی بھی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میں نے اپنی 2 پوسٹیں ڈیلیٹ کردیں ہیں، یہ تصاویر ماضی کے مواقع کی تھیں اور میں اپنی غلطی پر معذرت کرتا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اس حوالے سے بڑے جلسے کے انعقاد کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور صوابی سے ریلی کی قیادت کرتےہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ اس کے علاوہ بھی پی ٹی آئی کی تمام مرکزی قیادت کے جلسے میں شرکت کا امکان ہے۔