پاکستان

انسانی اسمگلنگ میں ملوث بڑا گروہ گرفتار، پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش بےنقاب

مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے، ان مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث پائے گئے، ترجمان ایف آئی اے

سیکیورٹی اداروں ملک میں بھارتی اور افغان شہریوں پر مشتمل سرگرم انسانی اسمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک گرفتار کرکے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش بےنقاب کردی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نےانٹیلی جنس ایجنسیوں کی معلومات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کوقانون کےشکنجےمیں لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لوٹنےمیں ملوث تھا، گینگ نے سادہ لوح عوام سےکروڑوں روپے ہتھیائے، گروہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھتا تھا اور اپنا پرنٹنگ پریس بھی تھا جہاں کئی ملکوں کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے، ان مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث پائے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سے بھی رابطے کا انکشاف ہواہے، دورانِ تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بے نقاب ہوئی ہے، تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا جس کے بعد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلیجنس ایجنسی اور ایف آئی اے لاہور کو شاباش دی اور کہا کہ یہ کامیاب آپریشن انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسی کی معلومات پر ایف آئی اے لاہور نے کامیاب آپریشن کیا جس پر مبارکباد دیتا ہوں، انسانی اسمگلنگ روکنے کے اس طرز پر مزید آپریشن جاری رکھیں جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ایف آئی اے کی کارروائیاں، 177 ملزمان گرفتار، عوام کو 39 ارب روپے ریلیف دلوانے کا دعویٰ

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے رواں سال کے 8 ماہ کے دوران 257 مقدمات اور 157 انکوائریز درج کیں جب کہ 177 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے لاہور زون نے رواں سال کی اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق اووربلنگ، بجلی چوری، جعلی، غیر معیاری ادویات اور محکمہ اوقاف کی زمین واہ گزاری کے لیے 524 چھاپے مارے، اووربلنگ کے خلاف مہم کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 39 ارب روپے کا ریلیف عوام کو دلوایا گیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے رواں سال لیسکو کے ایک پروجیکٹ ڈائریکٹر، 3 ایکسین اور ایک کمرشل اسسٹنٹ کو 82 روپے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے جرم میں گرفتارکیا۔

بیان کے مطابق جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 مقدمات درج کرکے 3 میڈیسن فیکٹریاں اور ایک میڈیکل اسٹور سیل کو سیل کیا گیا۔

اس میں کہا گیا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے انسانی اعضا کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کرنے والے 5 گینگ کے 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔