پاکستان

جنوبی وزیرستان میں قبائلی مشر کی گاڑی کے قریب دھماکا، بیٹا جاں بحق، رہنما سمیت 3 افراد زخمی

ملک جمیل وزیر علاقہ کڑیکوٹ سے وانا بازار جا رہے تھے، نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے بم نصب کیاتھا، ملک جمیل وزیر سمیت 4 افراد زخمی ہوئے، پولیس

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں ایک گاڑی پر ہونے والے بم حملے میں قبائلی مشر ملک جمیل وزیر کا بیٹا جاں بحق جب کہ رہنما سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کےمطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں ملک جمیل وزیر سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جب کہ ہسپتال ذرائع نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ملک جمیل وزیر کا بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے کہا کہ ملک جمیل وزیر علاقہ کڑیکوٹ سے وانا بازار جا رہے تھے، نامعلوم افراد نے کڑیکوٹ بازار کے قریب سڑک کے کنارے بم نصب کیاتھا۔

پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیاگیا، واقع کی تحقیقات جاری ہیں،پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا ریموٹ کنرول کا تھا۔