پاکستان

’کراچی کی تباہی کی داستانیں روز نشر ہوتی ہیں‘، ایم کیو ایم کا مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل

کراچی کی سڑکیں اور سیوریج و پانی کی لائنیں تباہ ہو چکی ہیں، مرتضیٰ وہاب بتائیں کیا کراچی کو اس کا جائز حق مل رہا ہے؟ ترجمان ایم کیو ایم

ایم کیو ایم پاکستان نے میئر کراچی مرتضٰی وہاب کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی اور سندھ کی تباہی کی داستانیں میڈیا پر روزانہ نشر کی جارہی ہیں، شہر قائد کی سڑکیں، ہسپتال، تعلیمی ادارے سب تباہ ہوچکے ہیں، مرتضیٰ وہاب نجانے کونسی عینک لگا کر شہر میں نکلتے ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی فرعونی حکومت کی نااہلی کرپشن اور اقربا پروری سے عاجز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے جمع ہونے والا ٹیکس وفاق سے سندھ کے پاس آتا ہے لیکن شہر پر اس کا جائز حصہ خرچ نہیں ہورہا، کراچی قومی اور صوبائی خزانہ میں ہزاروں ارب روپے ٹیکس اور ریونیو کی مد میں جمع کرواتا ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی کا دیا گیا ٹیکس اور ریونیو ہی وفاق سے واپس سندھ کو آتا ہے،کیا سندھ کے حکمران مرتضی وہاب کو پی ایف سی سے کراچی کا جائز حصہ دے رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مرتضی وہاب کو بااختیار و باوسائل بنانے کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی، کیا مرتضی وہاب اپنی قیادت سے کراچی اور پورے پاکستان کی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کروائیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم گزشتہ کئی دہائیوں سے شہری سندھ کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔

’خالد مقبول وفاق کا حصہ ہیں وہ کراچی کے لیے کیا لائے‘

اس سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نام لیے بغیر ایم کیو ایم پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری جن کے دور میں ہوئی وہ کل اس کی کمپنی کے باہر ہی احتجاج کررہے تھے۔

انہوں نے وفاق سے کراچی کے منصوبوں کے لیے فنڈز نہ دینے کا شکوہ کہا کہ خالد مقبول صدیقی وفاق کا حصہ ہیں، وہ کراچی کے لیے کیا لائے۔

مرتضیٰ وہاب نے بارشوں کے دوران صرف شارع فیصل صاف کرنے کی تنقید پر جواب دیا کہ یہ لوگ اسلامیہ کالج اور بہادرآباد پر بیٹھے رہتے ہیں۔

پانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو حب سے 655 ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جا رہا ہے، کراچی میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے حب سے مزید لائن ڈالی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضلع غربی میں پانی کی قلت ہے جسے دور کیا جائے گا، پانی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے، دنیا بھر میں پانی کا بحران پیدا ہورہا ہے۔