اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 8 ستمبر جلسے کا مقام ایک بار پھر تبدیل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کل اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کا مقام ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی مداخلت کے بعد جلسے کی جگہ تبدیل کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد انتظامیہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور جلسہ گاہ کی جگہ پر موجود اپنے بھائی رکن اسمبلی فیصل امین کو جگہ کی تبدیلی سے آگاہ کیا، احکامات آنے کے بعد جگہ تبدیل کی گئی اور جلسہ گاہ پر سامان پہنچا دیا گیا۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے جلسے کی جگہ کا روٹ پلان جاری کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور اور لاہور کی طرف سے اسلام آباد آنیوالے موٹروے کا استعمال کر تے ہوئے اے ڈبلیو ٹی انٹر چینج سے جلسہ گاہ کا راستہ استعمال کریں، پشاور جی ٹی روڈ سے آنیوالے براہمہ جھنگ باہتر انٹرچینج سے موٹروے کا استعمال کرتے ہوئے اے ڈبلیو ٹی انٹر چینج سے جلسہ گاہ کا راستہ استعمال کریں۔
اس کے علاوہ لاہور جی ٹی روڈ سے آنیوالے روات سے چک بیلی والا راستہ استعمال کرتے ہوئے چکری انٹرچینج سے موٹروے کے ذریعے اے ڈبلیو ٹی انٹر چینج سے جلسہ گاہ کا راستہ استعمال کریں، راولپنڈی سے آنیولے دھمیال روڈ اور گرجا روڈ کے ذریعے چکری انٹرچینج اور ٹھلیاں انٹرچینج سے موٹروے کا استعمال کرتے ہوئے اے ڈبلیو ٹی انٹر چینج سے جلسہ گاہ کا راستہ استعمال کریں۔
روٹ کے مطابق اسلام آباد سے آنیوالے نیو مارگلہ ایونیو کا استعمال کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچ سکتے ہیں، مری سے آنیوالے سملی ڈیم روڈ براستہ پھلگراں روڈ سے لہتراڑ روڈ سے ایکپریس وے کے ذریعے روات سے چک بیلی والا راستہ استعمال کرتے ہوئے چکری انٹرچینج سے موٹروے کے ذریعے اے ڈبلیو ٹی انٹر چینج سے جلسہ گاہ کا راستہ استعمال کریں۔
اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ پہنچنے کے لیے ان راستوں کے علاوہ، باقی تمام راستے بند ہوں گے۔