پاکستان

پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک

فتنہ الخوارج کے پانچ شارپ شوٹر پشین میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سی ٹی ڈی نے کارروائی کر کے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 شارپ شوٹر پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی نے علاقے کا گھیراؤ کر کے دہشت گردوں کو ہاتھ ڈالنے کی تنبیہ کی تاہم دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔

اس پر سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد احمد اللہ عرف علی عرف بدری، احسان اللہ عرف متوکل عرف حامد، سمیع اللہ اور ان کے دو ساتھی ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک 30بور ٹی ٹی پستول، دو نائن ایم ایم پستول، گولیاں، دو ہینڈ گرینیڈ، ایک آئی ڈی، 4کلودھماکا خیز مواد، پرائما کارڈ اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

سی ٹی ڈی حکام نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے گروہ کے دیگر ارکان کی تلاش شروع کردی۔