پاکستان

بحری جہاز ’پی این ایس بابر‘ اور ’پی این ایس حنین‘ پاک بحریہ میں باضابطہ طور پر شامل

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عزم ظاہر کیا کہ جہازوں کی شمولیت سے خطے میں بڑھتے خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ترکیہ اور رومانیہ کے تعاون سے تیار جنگی بحری جہاز ’پی این ایس بابر‘ اور ’پی این ایس حنین‘ پاک بحریہ میں باضابطہ طور پر شامل کرلیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں پروقار تقریب میں دونوں بحری جہازوں کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عزم ظاہر کیا کہ جہازوں کی شمولیت سے خطے میں بڑھتے خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب میں شمولیت کو اپنے لیے فخر کا باعث قرار دیا۔

انہوں نے اعلیٰ معیار کے جہاز تیار کرنے پر ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں جہاز میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کے پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

نئے بحری جہازوں کی شمولیت کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، غیر ملکی مہمانوں سمیت سیاسی اور عسکری حکام بھی شریک تھے۔