پاکستان

سندھ: جعلی کھاد اور زرعی ادویات کےخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

صوبائی وزیر محمد بخش مہر نے محکمے میں کارکردگی نہ دکھانے والے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

حکومت سندھ نے جعلی کھاد اور زرعی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن اور ملوث کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور محکمہ زراعت میں کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کو وارننگ دے دی۔

سکھر میں صوبائی وزیر زراعت و انسداد بدعنوانی سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت سندھ میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی طلب اور رسد سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کسانوں کو کھاد اور ڈی اے پی کی وافر مقدار اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر محمد بخش مہر نے محکمہ زراعت میں کارکردگی نہ دکھانے والے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کے مسائل کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے افسران کی محکمہ زراعت میں جگہ نہیں ہے۔

محمد بخش مہر نے ڈی جی زراعت سندھ کو متعلقہ اضلاع میں کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو بلاتعطل کھاد کی فراہمی یقینی بنائے گی، کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ زراعت کے شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔