اداکار نہ بنتا تو بریانی بیچ رہا ہوتا، فہد مصطفیٰ
اداکار، پروڈیوسر و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ اگر وہ اداکار نہ بنتے تو پھر وہ بریانی کی ہوٹل کھولتے اور بریانی بیچ رہے ہوتے۔
فہد مصطفیٰ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل محب مرزا کے شو میں کی گئی بات کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنے کیریئر پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر وہ اداکار نہ بنتے تو کیا کرتے؟ اس پر فہد مصطفیٰ نے مختصر جواب دیا کہ اگر وہ اداکاری شروع نہ کرتے تو والد صاحب انہیں بریانی کی ہوٹل کھول کر دینے والے تھے۔
فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ اداکاری سے قبل ان کے والد انہیں اداکار فیضان شیخ کے گھر لے گئے جو پہلے ہی بریانی کا ہوٹل چلا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فیضان شیخ اور ان کی اہلیہ کا بریانی کا کاروبار ہے اور ان کے والدین پہلے سے ہی فیضان شیخ کے والدین کو جانتے ہیں۔
ان کے مطابق والد انہیں فیضان شیخ کے گھر لے گئے، جہاں اداکار کی والدہ نے انہیں بتایا کہ کس طرح ان کا بریانی کا کاروبار چلتا ہے اور اس میں کیا مشکلات پیش آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیضان شیخ کی والدہ نے انہیں بریانی میں بوٹیاں ڈالنے کی بات بتائی اور سمجھایا کہ کس طرح کاروبار کیا جاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ اگر وہ اداکار بنتے تو یقینی طور پر بریانی کا ہوٹل کھول کر بریانی بیچ رہے ہوتے۔
میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر وہ بریانی بیچنے کا کام کرتے تو اس میں آلو ہوتا؟ اس پر فہد مصطفیٰ نے جواب دیا کہ انہیں بریانی میں آلو کا علم نہیں لیکن ان کی زندگی لازمی طور پر آلو بن چکی ہوتی۔
خیال رہے کہ فہد مصطفیٰ معروف اداکار صلاح الدین تنیو کے بیٹے ہیں اور گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔