پاکستان

چنیوٹ: داماد نے سُسر کے سامنے بیٹی کو قتل کردیا، ملزم گرفتار

ساہیوال میں ایک شخص نے گھریلو ناچاکی پر اہلیہ کو قتل اور اپنی ماں کو زخمی کردیا، ملزم کی زیر علاج والدہ کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

چنیوٹ میں شوہر نے اہلیہ پر ناجائز تعلقات کا الزام لگا کر سسر اور رشتے داروں کے سامنے قتل کرنے والے ملزم کو راجوا پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وللہ رائی گاؤں کی پروین بی بی کی 14 سال قبل ریاض نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، تاہم ریاض اکثر مبینہ طور پر ناجائز تعلق کے الزامات لگا کر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

الزامات سے تنگ آ کر پروین بی بی کے والد شمن نے 25 اگست کو داماد ریاض کو مسئلے کے حل کے لیے گھر بلایا تھا، ریاض دوسرے داماد محمد اسلم کے ہمراہ پہنچا جبکہ پروین بی بی سے علیحدگی میں ملاقات کی درخواست کی، تھوڑی ہی دیر بعد پروین کے رونے کی آواز پر پروین کے والد اور گھر والے کمرے کی طرف آئے جہاں اسلم پروین کے ہاتھ پکڑے ہوئے تھا ریاض زنجیر سے گلا دبا رہا تھا،فیملی کی مزاحمت کے باوجود پروین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی، جبکہ ریاض اور اسلم موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس مقتولہ کے والد شمن کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفع 302، 311 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس نے دونوں ملزمان ریاض اور اسلم کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب ساہیوال میں بھی شوہر نے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کر ڈنڈے کے وار سے اہلیہ کو قتل اور ماں کو زخمی کردیا ہے، ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چک 9/11 ایل کی سویرا کی 9 ماہ قبل 2/10 ایل کے امین سے شادی ہوئی تھی، سویرا شوہر اور ساس بھگن کے ہمراہ رہائش پزیر تھی، تاہم ساس بہو کے درمیان جھگڑے چلتے رہتے تھے، امین نے دونوں خواتین کو صلح کرنے کی بارہاں نصیحت کی، تاہم جھگڑے رک نہ سکے۔

ساس بھگن اور بہو سویرا کے درمیان گھر کے آنگن میں لڑائی ہوئی جس پر ملزم نے دونوں کو بمبو سے تشدد کا نشانہ بنایا، پڑوسیوں اور گاؤں والوں کے پہنچنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

خواتین کو تشوشناک حالت میں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سویرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی جبکہ بھگن کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ہڑاپا پولیس نے سویرا کے والد صادق کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 اور 324 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔