پاکستان

وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد سے متعلق ای سی سی کا اہم فیصلہ مسترد کردیا

کابینہ کا چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط ختم کرنے سے انکار، برآمد کے لیے چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط برقرار رہے گی۔

وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم فیصلہ مسترد کرتے ہوئے برآمد کے لیے چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط ختم کرنے سے انکار کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ای سی سی کے فیصلے کی منظوری دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد سے متعلق ای سی سی کا اہم فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط ختم کرنے سے انکار کردیا، برآمد کے لیے چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ریٹیل قیمت کی شرط ختم کرنے کی سفارش کی تھی جس پر ای سی سی نے برآمد کے لیے چینی کی ریٹیل قیمت کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی نے چینی کی فی کلو ریٹیل پرائس کا بینچ مارک 145.15 روپے مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ ای سی سی نے 13 جون 2024 کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، اس وقت چینی کی اوسط ریٹیل فی کلو قیمت 143.15 روپے تھی جب کہ ای سی سی نے 2 روپے اضافی مارجن کے ساتھ فی کلو چینی کا بینچ مارک 145.15 روپے مقرر کیا تھا۔