پاکستان

ملک میں دستیاب ڈیزل مجموعی طلب سے تجاوز، ستمبر کیلئے ڈیزل کارگو موخر

ملک میں دستیاب ڈیزل ضرورت سے تجاوز کرنے پر اوگرا میں اجلاس ہوا، پی ایس او کے پاس اس وقت 3 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل موجود ہے، ذرائع

ملک میں ڈیزل کی دستیابی مجموعی طلب سے تجاوز کر گئی پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) نے ستمبر کے لیے 55 ہزار ٹن ڈیزل کا ایک کارگو مؤخر کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ملک میں دستیاب ڈیزل ضرورت سے تجاوز کرنے پر اوگرا میں اجلاس ہوا اور اجلاس میں اکتوبر میں ڈیزل کے تین کارگوز منگوانے پر نظرثانی یا انہیں منسوخ کرنے پر غور کیا گیا۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ڈیزل کی زائد دستیابی کو دیکھتے ہوئے پی ایس او دسمبر کے لیے کارگو پلان پر نظرثانی کی تیاری کررہی ہے جبکہ اکتوبر کے لیے بھی ڈیزل کی درآمد پر نظر ثانی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

پی ایس او کے پاس اس وقت مجموعی اسٹاک کا 50 فیصد ذخیرہ ہے اور اس کے پاس 3 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل موجود ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق دسمبر کے ڈیزل کارگو بھی ضرورت پڑنے پر منسوخ کیے جائیں گے اور ڈیزل کا جو کارگو پہلے ہی آ چکا ہے اسے بانڈڈ اسٹوریج میں رکھا جائے گا۔