کئی بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر پی ایم ڈی سی کے صدر کو شوکاز نوٹس
پاکستان انفارمیشن کمیشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) کے صدر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی کے صدر کئی نوٹسز کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شہری سعدیہ مظہر نے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت پی ایم ڈی سی سے معلومات طلب کی تھی اور شہری نے گزشتہ تین سالوں میں میڈیکل کالجز کے داخلوں میں ہونے والے بے ضابطگیوں بارے تفصیلات طلب کی تھیں۔
شہری نے چندے کی مد میں بھاری فیسز لینے میں ملوث میڈیکل کالجز کی تفصیلات مانگنے کے ساتھ ساتھ پی ایم ڈی سی کی جانب سے کی گئی کاروائیوں کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی کا عملہ بار بار نوٹسز بھیجے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوا اور عدم پیشی پر پی ایم ڈی سی کے صدر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر کو شوکاز نوٹس کی کاپی سیکریٹری وزارت صحت کو بھی ارسال کردی گئی۔