پاکستان

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب

مشترکہ اجلاس کی طلبی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن تھوڑی دیر میں جاری کیا جائے گا، ذرائع

وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے۔

اجلاس میں متعدد بلز قانون سازی کے لیے پیش ہوں گے، یہ بلز سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور نہیں ہوسکے تھے۔

ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس کی طلبی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن تھوڑی دیر میں جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے بعد حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے پر غور شروع کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق بل کو مؤخر کر دیا تھا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق ترمیمی بل پیش کیا گیا، بل حکومتی رکن بیرسٹر دانیال چوہدری نے پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہماری آبادی 25 کروڑ سے زائد ہے، سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 54 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترمیمی بل کا مقصد فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی نے بیرسٹر دانیال کے بل کی مخالفت کردی تھی۔