پاکستان

سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس: 144 ارب کے 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اجلاس میں 15 ارب 35 کروڑ کی مالیت کے 5 منصوبوں کی منظوری جبکہ 129 ارب مالیت کے 3 منصوبوں کو ایکنک سے باقاعدہ منظوری کے لیے بھیجنے کی سفارش کی ہے۔

سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی ( سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں 144 ارب مالیت کے 8 ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دے دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کے زیر صدارت اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے 15 ارب 35 کروڑ کی مالیت کے 5 منصوبوں کی منظوری دی ہے جبکہ 129 ارب مالیت کے 3 منصوبوں کو نیشنل اکنامک کاونسل ( ایکنک) سے باقاعدہ منظوری کے لیے بھیجنے کی سفارش کی ہے۔

احسن اقبال کو حال ہی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کا قلمدان سونپا گیا ہے، انہیں یہ عہدہ سابق چیئرمین جہانزیب خان کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد دیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران احسن اقبال نے چوتھی بار ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ سونپنے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے ایکنک کو 52 ارب 77 کروڑ مالیت کے صحت کے شعبے سے منسلک منصوبے ’نوازشریف انسی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اور ریسرچ‘ کی منظوری کے لیے ریفر کردیا۔

اس منصوبے کو صوبائی ترقیاتی منصوبے سے مالی اعانت فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منصوبے کے دائرہ کار میں مرکزی ہسپتال کے لیے سول ورک، کینسر کی دیکھ بھال کے لیےکلینک اور فالج کی دیکھ بھال کی سہولت، ڈاکٹروں کی رہائش، پارکنگ پلازہ، طبی آلات، فرنیچر، میڈٰیکل اور الائیڈ سروس کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔

اس منصوبے کی سربراہی کلینیکل کیئر میں پروفیسرز اور کنسلٹنٹ پر مشتمل ایک پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرے گا جس میں لاہور میں قائم 565 بستروں پر مشتمل انسٹی ٹیوٹ آف کینسر اینڈ ریسرچ کے ذریعے کینسر کے کم قیمت اور جامع علاج فراہم کیا جائے گا، حکام اس پروجیکٹ سے ہسپتال میں موجود مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کو مدد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

منصوبے میں اعلٰی تعلیم یافتہ افراد یعنی میڈیکل اور انجینئرنگ کے پیشہ ور افراد، ٹیکنولوجسٹ اور انتظامی افرادی قوت کو مارکیٹ کی بنیاد پر موجود تنخواہوں پر رکھا جائے گا، یہ منصوبہ سرکاری زمین پر تعمیر کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے میں ایکنک سے منظوری کے لیے 61 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے سندھ فلڈ ایمرجنسی ریہیبلیٹیشن پراجیٹک (ایس ایف ای آر پی) بھی پیش کیا، اس منصوبے کو ورلڈ بینک سے مالی اعانت کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کی مقامی فنڈنگ 5 ارب 57 کروڑ روپے ہے اور غیر ملکی فنڈنگ 55 ارب 73 کروڑ روپے ہے۔

ایس ایف ای آر پی کے فیز-II کے تحت مجوزہ منصوبہ 2022 کے سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے اہم انفراسٹرکچر کی بحالی اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے حکومت سندھ کی کوششوں میں معاونت کرے گا، فیز II کے تحت مجوزہ اقدامات کا مقصد کلیدی سرگرمیوں کو بڑھانا اور مالیاتی خلا کو پر کرنا ہے تاکہ پروگرام کے مجموعی اثر کو بڑھایا جا سکے اور اس کی ترقیاتی تاثیر کو بڑھایا جا سکے۔

اجلاس میں ایکنک کو 14 ارب 70 کروڑ کے پانی کے منصوبے ’کچھی کنال بحالی پروجیکٹ برائے 2022 سیلاب‘ کی بھی تجویز دی گئی، اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد پنجاب میں کچھی کنال کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے۔

سی ڈی ڈبلیو پی نے تعلیمی شعبے میں 7 ارب 18 کروڑ کی مالیت کے آزاد کشمیر میں اسکولوں سے باہر موجود بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے ایک منصوبے کی بھی منظوری دی ہے، اس منصوبے کو اسلامی ترقیاتی بینک مالی اعانت فراہم کررہا ہے۔