پاکستان

امریکی رکن کانگریس ٹام سوازی پاکستان کاکس کے نئے چیئرمین منتخب

پاکستانی سفیر نے ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی، نومنتخب چیئرمین نے پاک امریکا تعلقات بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی کانگریس کے رکن ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے، وہ نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت کے سامنے آنے کے بعد واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید اور ٹام سوازی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی جب کہ ٹام سوازی نے پاک امریکا تعلقات بہتر کرنے کے عزم کااظہار کیا۔

اس دوران پاکستان کے سفیر نے پاک امریکا تعلقات کو دونوں ممالک اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور واضح کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن انتقال کر گئی تھیں، شیلا جیکسن کافی عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔

شیلاجیکسن پاکستان میں زلزلے اورسیلاب کے دوران مدد میں پیش پیش رہیں، وہ امریکی کانگریس میں پاکستان کی سرگرم حامی تھیں، شیلا جیکسن کو 2022 میں ہلال پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔