پاکستان

کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے، شہباز شریف کی متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال اور سید امین الحق شامل تھے جب کہ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے وزیراعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بھی تعریف کی جب کہ وزیراعظم کو معیشت کی ترقی کیلئے تجاویز اور ملکی معاشی مراکز بالخصوص کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کے لیے تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔