چین: بے قابو اسکول بس ہجوم پر چڑھ دوڑی، 11 افراد ہلاک
چین کے صوبہ شینڈونگ کے شہر تائیان میں ایک سرکاری اسکول کے باہر کھڑے ہجوم پر بس چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں بچوں اور والدین سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور سے بس بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا۔
’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق بس سڑک کے کنارے کھڑے والدین اور بچوں کو ٹکر مار دی۔
حادثے میں اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں 6 والدین اور 5 طالب علم شامل ہیں جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے اور حادثے میں زخمی دیگر 12 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بس کے پاس خون سے لت پت کپڑوں میں کچھ لوگ پڑے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بس ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے چین میں حفاظتی معیارت میں کمی اور بے ہنگم ڈرائیونگ کی وجہ سے اکثر جان لیوا حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
قبل ازیں پولیس کے مطابق جولائی میں بھی چانگشا شہر میں گاڑی نے پیدل چلنے والے شہریوں کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تھے۔