کھیل

محسن نقوی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کی جگہ لینے کو تیار، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

آئی سی سی کی صدارت کے بعد جے شاہ کو بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشیئن کرکٹ کونسل کی صدارت چھوڑنا پڑے گی، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے چیئرمین بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے بعد ان کے اہم عہدے کی ذمہ داری چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سنبھال سکتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایشیئن کرکٹ بورڈ کی صدارت کی ریس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی بھی آگے آگے ہیں۔

آئی سی سی کی صدارت کے بعد جے شاہ کو بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشیئن کرکٹ کونسل کی صدارت چھوڑنا پڑے گی، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ میں اگلے چیئرمین کے لیے تناؤ کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے، تاہم بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی صدارت بھی جے شاہ کو چھوڑنا پڑے گی۔

بھارتی سرکاری خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کا حوالہ دیتے ہوئے این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے محسن نقوی ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے نئے چیئرمین منتخب ہوں گے، فیصلے کا اعلان اسی سال کیا جائے گا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق رواں سال ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے اگلے 2 سال کے عرصے کے لیے محسن نقوی چیئرمین منتخب ہونے کی تصدیق کرے گا، جے شاہ کی عہدہ چھوڑنے کے بعد محسن نقوی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

واضح رہے 27 اگست کو بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے تھے۔

جے شاہ رواں سال دسمبر میں موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جنہوں نے تیسری بار چیئرمین کا عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا۔

جے شاہ نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کے عالمی سطح پر مزید فروغ کے لیے آئی سی سی کی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔