پاکستان

کراچی: ماں ہسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دے کر غائب، بچہ جاں بحق

ہسپتال عملے نے بچے کو بروقت انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا تاہم 3 گھنٹے بعد ہی بچہ دم توڑ گیا، چیئرمین کتیانہ میمن ہسپتال

کراچی میں ماں ہسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دے کر غائب ہوگئی، عملے نے بچے کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا تاہم بچہ کچھ ہی دیر بعد دم توڑ گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے کتیانہ میمن ہسپتال میں خاتون اہلخانہ کے ہمراہ پہنچی تھی، تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق خاتون بچے کی پیدائش کے بعد اسے وہیں چھوڑ کر کہیں چلی گئی۔

چیئرمین کتیانہ میمن ہسپتال احمد چنائے نے اس معاملے پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ خاتون ڈرپ لگوانے ہسپتال پہنچی تھی، تاہم واش روم جانے کا کہہ کر چلی گئی۔

احمد چنائے نے بتایا کہ خاتون نے واش روم کے ہسپتال میں بچے کو جنم دیا، اگرچہ ہسپتال عملے کی بروقت اقدام کرتے ہوئے بچے کو انتہائی نگہداشت میں منتقل کیا، تاہم 3 گھنٹے بعد ہی بچہ دم توڑ گیا۔

چیئرمین کتیانہ میمن ہسپتال کے مطابق خاتون بچے کی پیدائش کی اطلاع دیے بغیر فرار ہوئی جب کہ خاتون کی تلاش کے لیے کھارادر تھانے کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے عمارت میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خاتون کو شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔