پاکستان

بلاول کی پنجاب میں بجلی سستا کرنے کے اعلان پر تنقید، عظمیٰ بخاری کا ردعمل

رہنماؤں کو ادھوری بات پر تبصرہ کرکے شرمندہ ہونے سے بچنا چاہیے، عظمیٰ بخاری کی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ کاش کوئی بلاول صاحب کو پوری بات بتا دیتا کہ پنجاب کے بجلی پر ریلیف کے دو منصوبے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سولر پروگرام آنے کے انتظار سے پہلے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا، بعد میں سولر پروگرام بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہنماؤں کو ادھوری بات پر تبصرہ کرکے شرمندہ ہونے سے بچنا چاہیئے، کوئی بلاول بھٹو زرداری کو پوری بات بتادیتا کہ پنجاب کے بجلی ریلیف کے 2 منصوبے ہیں۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے آج کراچی میں شہریوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے 14 روپے فی یونٹ بجلی سستا کرنے کے اعلان پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ اعلان میری سمجھ سے بالاتر ہے، دو ماہ ریلیف کے بعد عوام پھر تکلیف میں مبتلا ہوجائیں تو ایسے منصوبے نہیں چاہئیں۔

واضح رہے کہ 16 اگست کو سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔