کھیل

صدرِ نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا، 10 کروڑ کے انعام کا بھی اعلان

ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدر مملکت نے کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں ارشد ندیم کو اعلیٰ سول ایوارڈ عطا کیا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل لانے والے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا جبکہ ان کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدر مملکت نے کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں ارشد ندیم کو اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال امتیاز عطا کیا۔

انہوں نے ارشد ندیم کے لیے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفرا، مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں، سابق اولمپیئنز و آفیشلز اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ارشد ندیم نے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ، سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ محمد یاسر پیرزادہ اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا مقام فخر سے بلند کیا ہے، انہوں نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہا۔

ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ صدر مملکت نے ان کی شاندار کامیابی، محنت اور لگن کو سراہا جس نے نہ صرف پاکستان کو بلند کیا بلکہ ملک بھر کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا۔

صدر مملکت نے پاکستان میں دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو اسکالرشپ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت سندھ کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 25 کروڑ روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے نوجوانوں کو رکاوٹیں عبور کرنے اور عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں شناخت بنانے کا حوصلہ دیا ہے، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز کا ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے خاندان اور قوم کی دعاؤں اور نیک خواہشات پر شکریہ بھی ادا کیا۔

صدر مملکت نے ارشد ندیم کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ 10 اگست کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت کی تھی۔

صدر پاکستان کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کیا تھا۔

ایون صدر کی جانب سے بھیجے گئے خط میں صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی۔

خط میں مزید کہا گیا تھا کہ ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا، صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے۔

یاد رہے کہ 9 اگست کو جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔

8 اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے تھے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا تھا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا تھا، انہوں نے پانچویں تھرو کی تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا تھا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔