ہمایوں سعید میرے ساتھ ہیرو آتے تھے، اب خود سے نصف عمر لڑکی کے ہیرو ہیں، عتیقہ اوڈھو
ماضی کی مقبول اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے مزاحیہ انداز میں ہمایوں سعید کی عمر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ بھی ہیرو آتے تھے اور اب خود سے نصف عمر کی لڑکی کے ہیرو بنے ہوئے ہیں۔
عتیقہ اوڈھو کی جانب سے چند ہفتے قبل ہمایوں سعید اور یمنیٰ زیدی کے ڈرامے جنٹلمین پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں ہمایوں سعید کی عمر پر سوال اٹھایا۔
وائرل ویڈیو میں عتیقہ اوڈھو نے مسکراتے ہوئے ٹی وی میزبان اور دیگر ساتھی اداکارائوں سے سوال کیا کہ ہمایوں سعید کی عمر کیا ہوگی؟
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عتیقہ اوڈھو کے سوال پر سب مسکرا دیتے ہیں اور بعد ازاں اداکارہ ہمایوں سعید کی تعریف کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے ہمایوں سعید کی صحت، جسامت اور اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جادوگر اور سحر طاری کرنے والا اداکار بھی قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ہمایوں سعید ان کے ساتھ ڈراموں میں ہیرو آتے تھے، ایک ڈرامے میں مرینہ خان نے بطور ہدایت کار انہیں اور ہمایوں سعید کو ہیرو اور ہیروئن کے طور پر کاسٹ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہمایوں سعید نے خود پر توجہ مرکوز رکھی، وہ اب بھی ایسی حالت میں ہیں کہ وہ ہیرو آ سکتے ہیں اور لوگ انہیں بطور ہیرو دیکھنا بھی چاہتے ہیں اور انہیں قبول بھی کرتے ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے مزید کہا کہ ان کا خیال ہے کہ یمنیٰ زیدی کی عمر ہمایوں سعید کی نصف عمر کی ہوگی لیکن اب وہ ان کے ہیرو آ رہے ہیں۔
اداکارہ نے یمنیٰ زیدی کی اداکاری کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ ان کی ہمایوں سعید کے ساتھ جوڑی اچھی لگتی ہے۔