پاکستان

کراچی میں طوفان کا خدشہ: سمندر میں نہانے پر پابندی عائد

144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، کمشنر کراچی کی جانب سے سمندر میں نہانے پر پابندی کا نوٹیفیکشن بھی جاری

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں طوفان کے الرٹ کے پیش نظر کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی۔

کمشنر کراچی کی جانب سے سمندر میں نہانے پر پابندی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس دوران سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے خدشےکے پیش نظر تمام صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، اس دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری تیاری مکمل ہونی چاہیے۔

انہوں نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کو انتظامات بہتر اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ فشریز کو ماہیگیروں کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ممکنہ سمندری طوفان کے حوالے سے کہا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر اور اب تک سسٹم خشکی پر موجود ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سمندر میں درجہ حرارت اور ماحول سازگار ہے، امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بننے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، طغیانی بڑھنے سے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری،مبارک ولیج میں آبادی میں پانی آسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس طوفان کا نام اسنی رکھا گیا ہے، اسنی کے معنی بلند تر ہیں، اس طوفان کا نام پاکستان کی جانب سے تجویر کیا گیا ہے، اسنی طوفان کا دورانیہ کم لیکن شدت زیادہ ہوگی، چند گھنٹوں کے اس طوفان میں تیز ہوائیں چلیں گی، آندھی آئے گی۔