پاکستان

2025 میں کون لوگ حج نہیں کرسکیں گے؟ وزارت مذہبی امور کو ہیلتھ ایڈوائزری موصول

پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، شدید موسم کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفرِ حج کی اجازت دی جائے گی۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو حج 2025 سے متعلق ہیلتھ ایڈوائزری موصول ہوگئی۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ مراسلے کے مطابق پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، شدید موسم کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفرِ حج کی اجازت دی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گردے ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے پیچیدہ مریضوں کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہو گی، ڈیمنشیا اور متعدی امراض مثلا ٹی بی، تپ دق، کالی کھانسی کے حامل افراد کو سفرِ حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہو گی، عازمینِ حج کو گردن توڑ بخار، کورونا، موسمی انفلوئنزا اور پولیو ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔