عمران خان حکومت نہیں، اپنی حرکتوں کی وجہ سے پابند سلاسل ہیں، بیرسٹر عقیل ملک
وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی حقیقت دنیا کے سامنے عیاں ہوگئی، انہیں عالمی میڈیا کی جانب سے ڈس گریس کا لقب دیا گیا ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو بین الاقوامی میڈیا کی طرف سے ’ڈس گریسڈ پی ایم‘ کا لقب دیا گیا ہے، ڈیلی میل کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی کے حقائق دنیا کے سامنے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال جنوری سے اگست تک 132 منفی اینٹی پاکستان آرٹیکلز شائع کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں بی بی سی نے 14 ، نیو یارک ٹائمز نے 13 آرٹیکلز لکھے، گارڈین نے 10 آرٹیکل لکھے، الجزیرہ نے 8 آرٹیکلز لکھے، واشنگٹن پوسٹ ، بلوم برگ پوسٹ اور فائنینشل ٹائمز نے 6،6 آڑٹیکلز لکھے اور یہ تمام تر آپریشن گولڈ اسمتھ کے تحت کیا گیا ہے جس میں ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعےبانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی حرکات و سکنات کی وجہ سے ہی پابند سلاسل ہیں، وہ نہ حکومت کی خواہش پر نہ کسی شخص کی خواہش پر جیل میں ہیں، وہ گھڑی چوری ، 190 ملین پاؤنڈ اور انتشار پھیلانے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کس کا دیا ہوا تحفہ ہے، سب جانتے ہیں وہ آپ کا دیا ہوا تحفہ ہے، اپنے دور حکومت میں جس طرح آپ نے طالبان کو دہشت گردوں کو دوبارہ بسایا اور جیلوں سے ان کو آزاد کیا، آج پاکستانی قومی اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔