پاکستان

کار ساز حادثہ: ملزمہ نتاشہ کے شوہر دانش اقبال کی حفاظتی ضمانت منظور

سندھ ہائی کورٹ نے 7 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ کارساز حادثے میں ملزمہ نتاشہ کے شوہر دانش اقبال کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے ملزم کی 7 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

دانش اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دانش اقبال کی گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، ان کا اس سارے واقعے سے کوئی تعلق نہیں، دانش اقبال کی اہلیہ نتاشہ جیل میں ہیں۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

جیپ چلانے والی خاتون نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارنے کے بعد فرار کی کوشش میں ایک اورگاڑی کو بھی زوردار ٹکر ماری جس سےگاڑی تباہ ہوگئی تاہم معجزانہ طور پر کار سوار نوجوان محفوظ رہا، جب کہ ٹکر کے بعد جیپ بھی الٹ گئی۔

ڈی ایس پی ٹریفک بہادرآباد سیکشن غلام نبی نے کہا کہ خاتون نے کھڑی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، خاتون کو علاقہ پولیس کے حوالے کردیا ہے جب کہ ہم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا تھا۔

21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، واقعے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

23 اگست کو کراچی کے علاقے کارساز میں ایس یو وی گاڑی کی ڈرائیور نتاشا دانش کے ہاتھوں گاڑی تلے روند کر قتل کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا ہے کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔