پاکستان

الیکشن کمیشن نے ضیا لانگو کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا

الیکشن ٹریبونل بلوچستان کے 21 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر داخلہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ٹریبونل بلوچستان کے 21 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا۔

الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضیا لانگو بلوچستان کی صوبائی اسمبلی پی بی 36 قلات سے کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل الیکشن ٹریبونل ون نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات سے ضیا لانگو کی جیت کو معطل کیا تھا۔

اس کے علاوہ، ٹریبونل نے ضیا لانگو کی بطور وزیر داخلہ اور قبائلی امور کی تقرری کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

حلقے کے 7 متنازع پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کے لیے ایک نیا ریٹرننگ افسر، ڈپٹی ریٹرننگ افسران اور انتخابی عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن ٹریبونل ون نے یہ فیصلہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار میر سعید احمد لانگو کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا۔